ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں میں یکسوئی نہیں رہی، اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد دکھائی نہیں دیتا، یہ لوگ بہت جلد بکھر جائیں گے۔
ملتان میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عدم اعتماد کی تحریک کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم کو پاکستان کی عوام نے منتخب کیا ہے، اب اپوزیشن کو الیکٹڈ وزیراعظم کو سلیکٹڈ کہنا بند کر دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ ہم مہنگائی جیسے چیلنج کا سامنا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چینی مافیا کے گٹھ جوڑ سے قیمتیں پھر بڑھ رہی ہیں۔ گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمت بڑھ جانا بھی حکومت کیلئے چیلنج ہے۔ قوم کو مسلم لیگ (ن) کے معاہدوں نے جکڑا ہوا ہے۔ ماضی کی حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافے کی ذمہ دار ہے۔ ہم سابقہ حکومت کا بویا ہوا کاٹ رہے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کےساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام چاہتا ہے۔ افغانستان امن عمل کے حوالےسے نئی امریکی انتظامیہ کو خطوط لکھے ہیں۔
براڈ شیٹ کی تحقیقات کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ شیخ عظمت سعید بہت باعزت جج رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا دامن اگر صاف ہے تو انہیں کس چیز کی پریشانی ہے؟ براڈشیٹ سے متعلق معاہدے میں پی ٹی آئی کا کوئی عمل دخل نہیں، یہ معاہدہ پی ٹی آئی حکومت کو ورثے میں ملا تھا۔ اپوزیشن کو تنقید کے بجائے اپنی صفائی پیش کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے حساب مانگتے ہیں اور ہم انشاء اللہ چکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں تمام ڈونرز کی تفصیلات دی ہیں۔ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں گھبراہٹ کا شکار نہیں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن کو تمام معاملات کا سامنا کرنا چاہیے۔ پی ڈی ایم اپنی سیاست کیلئے کشمیر کاز کو نقصان نہ پہنچائے۔ کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالی گئی۔ ریلی نکالنے والے یہ تو بتائیں اسرائیل کو منظور کس نے کیا؟ پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور نہ اس کا ارادہ ہے۔