پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے بیرونی قرضوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے گزشتہ 7 سالوں میں مزید 265 ارب روپے کا غیر ملکی قرضہ لیا۔
دستاویزات کے مطابق حکومت نے 2019-20ء میں عالمی مالیاتی اداروں سے 164 ارب روپے قرض کے معاہدے کئے۔ 2019-20ء کے دوران سیاحت کے منصوبے کیلئے 11 ارب روپے سے زائد قرض لیا گیا۔
معاہدے کے تحت مزید 144 ارب روپے قرض عالمی بینک سے لیا جائے گا۔ حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ 72 ارب روپے قرض خیبر پختونخوا میں توانائی منصوبوں کیلئے حاصل کیا جائے گا۔
2017-18ء کے دوران مختلف منصوبوں کیلئے 52 ارب 73 کروڑ 60 لاکھ روپے کا قرض لیا گیا تھا۔ بی آر ٹی پشاور کیلئے 49 ارب 60 کروڑ 50 لاکھ روپے کا قرض ایشیائی ترقیاتی بینک سے لیا جا چکا ہے۔
2016-17ء کے دوران 9 ارب 12 کروڑ روپے بیرونی قرضہ لیا جا چکا ہے۔ 2015-16ء کے دوران بیرونی اداروں سے 5 ارب 22 کروڑ 30 لاکھ روپے قرضے کے معاہدے ہوئے۔ 2014-15ء کے دوران ڈی ایف آئی ڈی، ایشیائی ترقیاتی بینک اور جیکا سے 9 ارب روپے قرض لیا گیا۔ 2013-14ء کے دوران 4 ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے کا بیرونی قرضہ حاصل کیا جا چکا ہے۔