پاکستان کی دفاعی ضروریات کو پورا کرینگے، ترک صدر رجب طیب ایردوان

12:25 PM, 24 Jan, 2021

استنبول: ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی دفاعی ضروریات کو پورا کرینگے۔ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے جس کیساتھ ہمارے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں۔

رجب طیب ایردوان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی ایک طرح کے چینلجوں سے نبرد آزما ہیں۔ دونوں کے دفاعی نوعیت کے تعلقات میں میلجم کورویٹ کو سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

یہ تقریب جنگی بحری جہاز میلجم کوریٹ کے تناظر میں منعقد کی گئی تھی۔ اس میں ترک صدر رجب طیب ایردوان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سائرس سجاد قاضی بھی شریک تھے۔

یہ جنگی بحری جہاز ترکی میں تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ جہاز پاکستان کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ اس اہم تقریب میں ناصرف ترک صدر شریک ہوئے بلکہ ترکی کے وزیر دفاع ہلوسی آکار سمیت عسکری قیادت بھی شریک تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی سمندری دفاعی ضروریات کیلئے ترکی کیساتھ جو معاہدہ طے کیا ہے، اس سلسلے میں دو جنگی بحری جہاز ترکی میں جبکہ دو جہازوں کی تیاری پاکستان میں کی جائے گی۔ ان میں سے ایک جہاز (میلجم کورویٹ) کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا جا چکا ہے۔

ایک میلجم کورویٹ کو اس وقت پاکستان میں تیار کیا جا رہا ہے۔ اس جنگی جہاز کی تیاری میں ناصرف ترک انجینئرز پاکستان کی مدد کر رہے ہیں بلکہ اس کی ٹیکنالوجی بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ 

مزیدخبریں