کوئٹہ: بلوچستان میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں چوری کے الزام میں ناصر نوجوان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا بلکہ اس کی تذلیل کرتے ہوئے اس کے سر کے بال، بھنوئیں، داڑھی اور مونچھیں مونڈ کر اس کا منہ کالا کر دیا گیا۔
سردار خان نامی اس نوجوان پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو گزشتہ دنوں وائرل ہونے پر حکام نے اس کا نوٹس لیا تھا۔ یہ افسوسناک واقعہ بلوچستان کے علاقے بارکھان میں 18 جنوری کو پیش آیا تھا۔ علاقہ مکینوں نے متاثرہ نوجوان کو موٹر سائیکل چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا، بعد ازاں پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور لویز حکام کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب متاثرہ نوجوان کے اہلخانہ نے چوری کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار خان ڈسپنسر ہے جو نجی کلینک میں ملازم ہے۔ ملزمان اسے مریض کو دیکھنے کے بہانے اپنے گھر لے گئے جہاں دیگ افراد کیساتھ مل کر اسے بے تحاشہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور حالت خراب ہونے پر لیویز کے حوالے کر دیا۔
متاثرہ نوجوان کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ لیویز حکام نے ملزموں کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے الٹا سردار خان کیخلاف بھی مقدمہ درج کرکے اس کا ریمانڈ لے لیا۔ یہ سلوک سرسر زیادتی ہے۔ حکام واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انصاف فراہم کریں۔
دوسری جانب بارکھان کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ جو لوگ بھی اس افسوسناک واقعے میں ملوث ہیں، ان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والوں کو ہم معاف نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاہم تمام افراد ابھی تک مفرور ہیں جنھیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔