لندن: انگلینڈ میں بسنے والے مسلمانوں کے خدشات دور کرنے کیلئے اب مساجد سے اعلانات کئے جا رہے ہیں عالمی وبا کے تدارک کیلئے بنائی گئی دوا ’حلال‘ ہے۔
اس سلسلے میں نماز جمعہ کے خطبات اور روزانہ پانچوں کی وقت کی نمازوں میں مسلمانوں کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ خود اور اپنے اہلخانہ کو اس مہلک بیماری سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔
مساجد کی جانب سے مسلم کمیونٹی سے ان کے خدشات دور کرنے کیلئے بات چیت کی جا رہی ہے کہ وبائی مرض کے خاتمے کیلئے لگائے جانے والے ٹیکوں میں کوئی مضر صحت اشیا یا حرام چیزوں کا استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ مسلمان شہری اسے لگو کر اپنی اور اپنے خاندان کی دیگر افراد کو محفوظ بنائیں اور حکومت کا ساتھ دیں۔
حفاظتی ٹیکوں کی افادیت کے بارے میں آگاہی کیلئے جمعہ کے خطبات میں اس بات کا خصوصی طور پر ذکر کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انگلینڈ میں مسجد کی تنظیم کے سربراہ قاری قاسم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مسلمان بھائیوں میں آگاہی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کی جانب سے وبائی مرض کیخلاف جن ادویات کی منظوری دی جا چکی ہے، ان میں کسی حرام شے کا استعمال نہیں کیا گیا ہے اور وہ اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہیں جنھیں لگوانے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ انگلینڈ میں بسنے والی مسلم کمیونٹی کے اندر ابھی ان حفاظتی ٹیکوں کے بارے میں ہچکچاہٹ ہے۔ کیونکہ اس کے بارے میں مختلف افواہوں کو پھیلایا جا رہا ہے تاہم ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ انھیں مسلمان لوگوں کے ذہنوں سے نکال دیں۔ ہمیں امید ہے کہ اس میں کامیابی ملے گی۔