برطانیہ نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا اعلان کر دیا

10:11 PM, 24 Jan, 2020

اسلام آباد: برطانیہ نے اپنے شہریوں کو  پاکستان کے سفر کے لیے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 'برطانیہ نے سفری ہدایات تبدیل کر دی ہیں جو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال کی بہتری کی عکاس ہے۔ یہ اعلان برطانیہ کا پاکستان کے لیے سفری ہدایات کے تفصیلی جائزے کا نتیجہ ہے جو ملک میں سیکیورٹی صورت حال کا وسیع جائزے کی بنیاد پر کیا گیا'۔

برطانوی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ‘2015 کے بعد یہ پہلی اہم پیش رفت ہے’۔ 'سیکیورٹی کی بہتر صورت حال کے نتیجے میں جون 2019 میں برٹش ایئرویز نے پاکستان نے اپنی پرواز بحال کردی اور اکتوبر 2019 میں ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج نے پاکستان کا دورہ کیا'۔

پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ ‘دسمبر2019 میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سفری ہدایات کا جائزہ ترجیحی بنیادوں پر لیا’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ حکومتِ پاکستان کی گزشتہ پانچ برسوں کے دوران امن و امان کو بہتر کرنے کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے’۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ اب برطانیہ کے شہری پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات سے زیادہ لطف اندوز ہوسکیں گے’۔

مزیدخبریں