اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر شدید تحفظات ہیں اسے مسترد کرتے ہیں، نظام کی جڑوں میں کرپشن کے کینسر کا صفایا کرنے کے لیے وزیر اعظم کوشاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر ہر جگہ بحث چل رہی ہے، ادارے کی اپنی ٹرانسپیرنسی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل انڈیکس ترتیب دینے کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہونا چاہیئے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان سے نمائندگی کرنے والے نے لیگی قیادت کو پذیرائی بخشی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر صرف ہنسا ہی جا سکتا ہے، یہ فیئر اینڈ فری ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ نہیں ہے، رپورٹ شفافیت کے برعکس ہے۔
حکومت اصلاحات کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی، کرپشن زدہ نظام کے بینفشری ایک دوسرے کو تحفظ دیتے ہیں۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ موڈیز جیسے ادارے حکومت کے معاشی اعداد و شمار کی تائید کر رہے ہیں، اس قسم کی رپورٹ دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتی۔
رپورٹ میں دعوی ہے کہ سب سےزیادہ مشرف اور پھر عمران خان کے دور میں کرپشن ہے، تیسرے نمبر پر پیپلز پارٹی اور چوتھے نمبر پر ن لیگ دور میں کر پشن ہوئی۔ رپورٹ پر شدید تحفظات ہیں اسے مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ ڈاکٹر عدنان ایسے ملک میں ہیں جہاں جدید ترین لیبارٹریز ہیں، پردیس گئے کئی ہفتے گزر گئے مگر میاں صاحب کے پلیٹ لیٹس کی خبر نہیں آئی، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس پر برطانیہ سے تازہ رپورٹ میڈیا کے سامنے لائی جائے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے دی جانی چاہیئے، خاص طور پر میڈیا ورکر کے لیے اپنا اور حکومت کا کردار ادا کریں گے، میڈیا مالکان کو ساتھ بٹھا کر لائحہ عمل بنا رہے ہیں کہ میڈیا میں خودکشی کے واقعات کو روکا جائے۔