سرگودھا یونیورسٹی میں ’ پاک چین دوستی “ پر فن پاروں کی پہلی قومی نمائش

09:37 PM, 24 Jan, 2019

لاہور : سرگودھا یونیورسٹی میں ’ پاک چین دوستی “ پر فن پاروں کی پہلی قومی نمائش کا انعقاد کیا گیاجس میں چینی سفارتخانے کے قونصلر برائے ثقافت مسٹر یو یی کی قیادت میں چینی وفد،سابق وزیر خارجہ انعام الحق نے شرکت کی۔ نمائش میں پاک چین دوستی پر مشتمل فن پاروں کو پیش کیا گیا۔


فن پاروں کی نمائش کا انعقادپاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز، انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اور پاکستان کونسل آن چائنہ کے تعاون سے کیا گیا۔ملک بھر سے50سے زائد جامعات کے طلبہ نے اپنے فن پاروں میں ثقافت ،سی پیک منصوبہ اور لازوال پاک چین دوستی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔چینی قونصلرنے فن پاروں کے معائنہ کے بعد طلبہ کے کام کی تعریف کی اور اس امر کا اظہا ر کیا کہ عنقریب چینی سفارتخانہ میں فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا جس میں طلبہ کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو آزمانے کا موقع دیا جائے گا۔قبل ازیں چینی وفد کی آمد پر یونیورسٹی جناح ہال میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ نے پرفارمنسز کے ذریعے چاروں صوبوں اور چینی ثقافت کو اجاگر کیا۔ طلبہ نے پاک چین دوستی پر نغمے پیش کیے ، طلبہ نے دونوں ممالک کے روائتی ملبوسات پیش کیے۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی قونصلر برائے ثقافت مسٹر یو یی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات قابل رشک ہیں، پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہوگا کیونکہ دونوں ممالک کے نوجوانوں میں روابط کو فعال کیے بغیر سماجی اور اقتصادی ترقی ممکن نہیں۔ نوجوان کمیونٹی کو قریب لانے کے لیے خاص طور پر دونوں ممالک کی جامعات میں اشتراک کو بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے25ہزارسے زائد طالبعلم سکالرشپ پر چین میں زیر تعلیم ہیں اور 800چینی طالبعلم اسلام آباد میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کے ذریعے جہاں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے وہیں زرعی شعبہ کی ترقی بھی سی پیک منصوبہ کا اہم حصہ ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے سے خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ سی پیک منصوبہ کو مکمل کرنے اور کامیاب بنانے کیلئے ہمیں مزید محنت کرنا ہوگا۔


سابق وزیر خارجہ انعام الحق نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں دونوں ممالک نے اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور دفاعی لحاظ سے ایک دوسرے کا ساتھ دیا جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوئے ہیں۔ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ پاک چین دوستی عالمی تعلقات کے تناظر میں ایک عظیم مثال ہے، سی پیک منصوبہ کی وجہ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک چین تعلقات عوامی سطح پر منتقل ہو رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کی شراکت داری میں مزید وسعت آئے گی۔ہمیں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پائے جانے والے معاشرتی، ثقافتی،علمی اور طرزِ زندگی کے خلا کو پ±ر کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کے تناظر میں ہر سال فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔


ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آن چائنہ سٹڈیز ڈاکٹر فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور اقتصادی راہداری منصوبہ کے بارے میں عالمی منظر نامے میں غلط فہمیاں پھیلانے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، اس منفی پروپیگنڈہ کا سامنے کرنے کیلئے دونوں ممالک کے عوام کو فنون لطیفہ اور دیگرثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے قریب لانا ہوگا۔نمائش کا اہتمام بھی اسی سوچ کے پیش نظر کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر فن پاروں کی نمائش میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ وفد نے چین سے تعلیم حاصل کرنے والے فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی اور کالج آف ایگریکلچر کا بھی دورہ کیا جہاں وفد نے سرگودھا یونیورسٹی اور چینی یونیورسٹی کے اشتراک سے بنائی جانیوالی زرعی تحقیقی لیبارٹری بھی دیکھی۔

مزیدخبریں