لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے نسل پرستانہ جملوں کے تبادلے پر مذمت کرتے ہوئے دفاع کرنے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے سرفراز احمد نسل پرستانہ جملوں پر شدید ردعمل دیا اور کھلاڑیوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سرفراز احمد قابل احترام ہیں تاہم ان کے ریمارکس ناقابل قبول ہیں۔ امید ہے کہ اس معاملے کا پاکستان جنوبی افریقہ سیریز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور تماشائی میچز دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ون ڈے میچ کے دوران سرفراز احمد جنوبی افریقی آل راونڈر آندرے فیلکوایو پر فقرے بازی کر کے مشکل میں پڑ گئے ، جس پر آئی سی سی کی جانب سے ان پر پابندی لگنے کا امکان ہے۔ اس تمام صورتحال میں قومی ٹیم کے نئے کپتان کیلئے شعیب ملک کا نام سامنے آیا ہے۔