راولپنڈی: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں شادی ہالوں کی چیکنگ کرتے ہوئے غیر معیاری کھانا فراہم کرنے پر 10 شادی ہال سیل جبکہ 46کو بھاری جرمانے ،351کو وارننگ نوٹس جاری کئے۔ناقص اشیاء خوردونوش سے بنی 189دیگیں موقع پر تلف کردیا گیا۔
تفصیلات کی مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل نورالا امین مینگل کی ہدایت پر صوبہ بھر میں شادی ہالوں کی چیکنگ کی اور ناقص کھانا فراہم کرنے، صفائی کے نا مناسب انتطامات ہونے اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر 10 شادی ہال سیل کر دیے۔
اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریبات میں روزانہ لاکھوں افراد کھانا کھاتے ہیں جس کا معیاری ہونا بہت ضروری ہے۔یہی وجہ ہے کہ شادی ہالز میں کھانوں کا معیار مسلسل چیک کیا جاتا ہے اور تیار ہونے والے غیر معیاری کھانوں اور صفائی کے ناقص انتظامات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
حالیہ کاروائیاں لاہورسمیت گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، جہلم اور راولپنڈی میں کی گئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں شادی ہالوں کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جا رہی ہے جسکا مقصد عوام کو معیاری اور حفظانِ صحت کے مطابق محفوظ خوراک فراہم کرنا ہے۔
شادی ہالوں اور کیٹرنگ کمپنیوں کو لائسنس دیئے جا رہے ہیں اور تمام ورکرز کو پنجاب فوڈ اتھارٹی سکول میں ٹریننگ دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔