گوجرانوالہ: پولیس گردی کا ایک اور واقعہ منظر عام پر آ گیا،گوجرانوالہ میں سب انسپکٹر نے رکشہ ڈرائیور کا سڑک پر بھرکس نکال دیا، اہل علاقہ نے لاکھ منت سماجت کی لیکن صاحب بہادر نہ مانے۔
نیو نیوز پر خبر چلی تو غریب رکشہ ڈرائیور کی سنی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا تو پولیس حکام بھی ایکشن میں آگئے۔سب انسپکٹر کو معطل کر دیا گیا جبکہ تشدد کا نشانہ بننے والے ڈرائیور کو میڈیکل رپورٹ کے لیے اسپتال شفٹ کردیا گیا۔
چاند نامی رکشہ ڈرائیور کا رکشہ غلطی سے پنجاب پولیس کے ایک سب انسپکٹر کی گاڑی سے ٹکرا گیا، انسپکٹر صاحب نے پہلے تو لاتوں اور گھونسوں سے تواضع کی،پھر ڈنڈا اٹھایا اور چاند کا بھرتا بنا دیا۔
اہل علاقہ اندھے قانون کو چیختا چنگاڑتا دیکھتے رہےپھر کسی سر پھرے کا صبر جواب دیا، پبلک اکٹھی ہوئی، دھلائی شروع ہوئی تو سب انسپکٹر صاحب نکل لئے پتلی گلی سے،لیکن ان کا ساتھی قابو آ گیا۔
نیو نیوز نے سوال اٹھایا تو گوجرانوالہ کے سی پی او وقاص نذیر دور کی کوڑی لے آئے، ایک روایتی پولیس افسر کی طرح حسب روایت تفتیش سے پہلے ہی نتیجے پر پہنچ گئے، کہتے ہیں ہوسکتا ہے کہ غلطی شہری کی ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نےواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر کو معطل کر دیا ہے، اب انکوائری بیٹھے گی، شاید قصور وار کو سزا بھی ملےلیکن قانون کے محافظ نے ایک بے بس ڈرائیور کی روح پر جو گھاؤ لگائے ہیں اس کا مداوا کون کرے گا؟