کراچی: پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز کی آئے روز نئی سے نئی خبریں سننے کو ملتی ہیں ۔ اب سعودی عرب سے خبر آئی ہے کہ سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پروازیں روکنے کی دھمکی دیدی ہے، تاہم پی آئی اے حکام نے اس دھمکی کے بعد کہا ہے کہ انہوں نے واجبات کی ادائیگی کی ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ایوی ایشن نے واجبات ادا نہ کرنے کی پاداش میں پی آئی اے کو پروازیں روکنے کی دھمکی دے دی۔وزارت خزانہ نے عدم ادائیگی کی صورت میں فلائٹ آپریشن بند ہونے کی سعودی دھمکی کے بعد پی آئی اے حکام کو واجبات کی مد میں سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 2 ارب 20 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے قرضوں اور سود کی مد میں جنوری 2017 سے جون کے درمیان 25 ارب کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔پی آئی اے نے وفاقی حکومت کا 15 ارب سے زائد قرضہ ادا کرنا ہے جبکہ این جی اوز کا 4ارب 22 کروڑ اور 5ارب 54 کروڑ روپے سود کی مد میں واجب الادا ہیں۔
سرکاری دستاویز میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان ایئر لائنز کو واجبات کی ادائیگی کے لیے جنوری میں 3 ارب 48 کروڑ ، فروری میں 5ارب 11کروڑ ، مارچ میں 3 ارب 25کروڑ ، اپریل میں 3ارب 28 کروڑ ، مئی کے دوران 6ارب 50 کروڑ جبکہ جون میں 3 ارب 69 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔علاوہ ازیں نواز حکومت کے گزشتہ تین برس کے دوران پی آئی اے پر مجموعی قرضوں کا حجم 185ارب سے تجاوز کر چکا ہے۔