راولپنڈی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے چھٹے اور اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
بنگلادیش کی جانب سے دیا گیا 237 رنز کا ہدف کیوی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 47ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز راچن رویندرا نے شاندار سنچری اسکور کی، جبکہ ٹام لیتھم نے 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلادیش کی ٹیم نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے، نجم الحسن شانتو 77، ذاکر علی 45 اور رشد حسین 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی بولنگ میں مائیکل بریسویل نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ول او رورکی نے 2 اور میٹ ہینری، کائیل جیمیسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز مایوس کن رہا، جہاں کین ولیمسن 5 اور ول ینگ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم راچن رویندرا نے پہلے ڈیون کانوے کے ساتھ 57 اور پھر ٹام لیتھم کے ساتھ 129 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ رویندرا 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ لیتھم 55 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد، ناہید رانا، مستفیض الرحمان اور رشد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس کے موقع پر کہا تھا کہ ٹیم میں کائل جیمیسن اور راچن رویندرا کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ بنگلادیش کے کپتان نجم الحسن شانتو کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ کا فیصلہ کرتے۔
نیوزی لینڈ کی اس جیت کے ساتھ بنگلادیش چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگیا ہے، اور پاکستان کے خلاف اس کا آخری گروپ میچ محض رسمی کارروائی ہوگی۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی، جبکہ بنگلادیش کو بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔