اسلام آباد: پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) نے وفاقی کابینہ کی پہلی پارلیمانی سال کی کارکردگی پر رپورٹ جاری کی ہے، جس میں اہم کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ میں 18 وزراء اور 2 وزرائے مملکت شامل ہیں، جن میں ایک خاتون وزیر مملکت ہیں اور کوئی غیر مسلم وزیر نہیں۔ پلڈاٹ کی رپورٹ میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو سب سے مؤثر رکن قرار دیا گیا، جنہوں نے پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ شرکت کی اور 38 حکومتی بلوں کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔
خواجہ آصف، جو 69 اجلاسوں میں شریک ہوئے، دوسرے نمبر پر رہے، جب کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دو گھنٹے 45 منٹ تک ایوان میں گفتگو کی اور چوتھے نمبر پر رہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ احد چیمہ اور محسن نقوی پارلیمانی کارکردگی کے لحاظ سے کمزور ثابت ہوئے، احد چیمہ نے صرف 9 اجلاسوں میں شرکت کی اور محسن نقوی نے 12 منٹ تک ایوان میں گفتگو کی۔