کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ٹریلین ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرنا مشکل نہیں ہے، اس کے لیے مناسب حکمت عملی اور اقدامات کی ضرورت ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ بڑھتی ہوئی آبادی ہے جو اقتصادی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور "اڑان پاکستان" تھا، جس میں ایکسپورٹ کو بڑھانے کا عہد کیا گیا تھا، لیکن بدقسمتی سے اس میں کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعظم پورٹس کی ترقی کے لیے فکر مند ہیں، لیکن ٹرکوں کے ذریعے سامان کی منتقلی کے لئے رات کا وقت کم پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک کے لیے مختص کرنا ہوگا اور انرجی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ ایکسپورٹس بڑھ سکیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ انفراسٹرکچر کے بغیر ایکسپورٹس میں اضافہ ممکن نہیں، اور اگر سڑکوں کی حالت بہتر نہ ہو، تو ترقی کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہو گا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اس بات پر تحفظات ہیں کہ صنعتی علاقے کے انفرااسٹرکچر میں بہتری لائی جائے، تاکہ اقتصادی ترقی کے امکانات بڑھ سکیں۔