"گنڈاپور کو اصلاح کے لیے ایک ماہ کی مہلت"، گورنر خیبر پختونخواکی    صوبائی حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید 

05:36 PM, 24 Feb, 2025

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اصلاحات کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی ہے، اور واضح کیا کہ اگر اس دوران اصلاحات نہیں ہوئیں تو وہ دھرنا دے کر انہیں بتائیں گے کہ دھرنا کیا ہوتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنکرز اور مورچوں کی تعمیر سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت نے اتنی غفلت کا مظاہرہ کیا کہ یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اس بات کا جواب دینا ہوگا کہ صوبے میں امن کی صورتحال خراب کیوں ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وزیراعلیٰ اپنے ضلع کا انتظام نہیں سنبھال سکتے، تو وہ صوبے کا انتظام کیسے کریں گے؟ فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ اسلام آباد کو فتح کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن 25 کلومیٹر کا روڈ بھی نہیں کھول سکتے۔ ان کے مطابق، صوبے میں امن قائم رکھنے کی ذمہ داری سکیورٹی فورسز پر ہے۔

گورنر نے کسانوں پر ٹیکس لگانے پر بھی سخت اعتراض کیا اور کہا کہ ہم نے کسانوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے کیونکہ عوام کو وسائل فراہم کیے بغیر ان پر اضافی ٹیکس لگانا ناقابل قبول ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس مدت میں اصلاحات نہ ہوئیں تو ہم دھرنا دے کر انہیں دکھائیں گے کہ دھرنا کیا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کو ایک ایسے شخص کے نام پر کیا جا رہا ہے جس نے صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ "دما دم مست قلندر" عید کے بعد ہوگا، اور وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ اس کے ذریعے حکومت کو عوام کے مسائل کا حل پیش کیا جائے گا۔

قبل ازیں، گورنر نے حکومت سندھ اور سندھ لوکل کونسل کی جانب سے کرم متاثرین کے لیے رمضان پیکیج حوالے کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔

مزیدخبریں