اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) سروس فراہم کنندگان کو کلاس لائسنس فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں وی پی این خدمات کی قانونی فراہمی، ڈیٹا سیکیورٹی اور پرائیویسی کو یقینی بنانا ہے۔
پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق، اس اقدام کے تحت دو وی پی این سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی درخواستیں منظور کر لی گئی ہیں۔ اس کے ذریعے کاروباری اداروں کو قانونی طور پر وی پی این سروسز فراہم کرنے کی سہولت ملے گی، جس سے ڈیٹا سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ قوانین کی پیروی کی جا سکے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پی ٹی اے اس بات پر پُرعزم ہے کہ اداروں کو کنیکٹیویٹی کی سہولت فراہم کی جائے گی، اور اس اقدام کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ وی پی این سروسز کو محفوظ اور قانون کے دائرے میں استعمال کیا جا سکے۔
کلاس لائسنس کے لیے درخواستیں پی ٹی اے کے سرکاری ای سروسز پورٹل پر آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
یہ یاد رہے کہ 7 دسمبر 2024 کو پی ٹی اے نے فری لانسرز کے لیے وی پی این رجسٹریشن کی سہولت بھی متعارف کرائی تھی، جس کے ذریعے وہ اپنے موبائل نمبرز رجسٹر کروا کر موبائل ڈیٹا پر وی پی این کا استعمال کر سکیں گے۔ اس سہولت سے فری لانسرز کو اسٹیٹک آئی پی ایڈریس کی ضرورت نہیں ہو گی۔