لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف ہمیشہ پنجاب حکومت پر تنقید کر کے میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بیرسٹر سیف کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے وضاحت پیش کی کہ بائیکر لین کا رنگ ایک مقامی کمپنی نے ایک سال کی گارنٹی کے تحت ٹیسٹ کے طور پر لگایا تھا، اور وہی کمپنی دوبارہ رنگ کرے گی۔ اس پورے معاملے میں پنجاب حکومت کا کوئی مالی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی قسم کی ادائیگی کی گئی ہے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کی بی آر ٹی کا منصوبہ گزشتہ پانچ سال میں زیادہ وقت تک بند رہا اور اس کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میٹرو کے لئے کے پی حکومت نے ابھی تک 60 ارب روپے ادا کرنا ہیں، اور پشاور بی آر ٹی کا کیس اب بھی عدالت میں چل رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ بیرسٹر سیف ہمیشہ پنجاب کی پرفارمنس پر تنقید کر کے خبروں میں رہنے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا میں آج بھی لوگ ندیوں اور نالوں کو عبور کرنے کے لئے ڈولیوں اور بائیکس کا استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کے لئے میٹرو بس، اورنج ٹرین کے بعد اب ٹرام اور انڈرگراؤنڈ گرین لائن جیسے جدید منصوبے شروع کیے ہیں، اور جنہیں اپنی کارکردگی کے حوالے سے کچھ پیش کرنے کے لائق نہ ہو، وہ دوسروں کے اچھے کاموں میں کیڑے نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔