لاہور : محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ مغربی بلوچستان، مغربی خیبرپختونخوا، اور وسطی و جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد جزوی طور پر ابر آلود ہونے کا امکان ہے۔
مری، گلیات اور دیگر بلند مقامات پر بھی سرد موسم اور ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ وزیرستان، بنوں، ڈی آئی خان اور دیگر شمالی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع جیسے کوئٹہ، زیارت، پشین اور چمن میں بھی بارش اور برفباری ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بالائی علاقوں میں شام یا رات کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں سرد موسم اور ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش، برفباری اور تیز ہواؤں کے دوران احتیاط کی ہدایت کی ہے۔