اسلام آباد: سائفر اور توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی دونوں اپیلوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی بینچ تشکیل دے دیا۔
رجسٹرار ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اپیلیں 26 فروری بروز پیر کو سماعت کے لیے مقرر کردیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل خصوصی بینچ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواستیں بھی ساتھ ہی سنے گا۔
سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی اپیلیں بھی پیر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔