لاہور: پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کاانتخاب آج ہوگا۔ پنجاب اسمبلی میں نو منتخب اراکین اسمبلی خفیہ رائے دہی کے ذریعے سپیکر اور ڈپٹی کا انتخاب کریں گے۔
ن لیگ کی جانب سے ملک محمد احمد خان سپیکر کے لیے امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے احمد خان بھچر نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر کیلئے ن لیگ کے ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض کا مقابلہ ہوگا۔
اسپیکر کے انتخاب کے بعد موجودہ اسپیکر سبطین خان نئے منتخب ہونے والے اسپیکر سے حلف لیکر ایوان سے رخصت ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ نئے منتخب ہونے والے اسپیکر ایوان کے ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن منعقد کرائیں گے۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کے 371 ممبران کے ایوان میں 313 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا ہے۔حلف اٹھانے والوں میں ن ليگ کے 201، پیپلز پارٹی کے 14، مسلم لیگ ق کے 10 اور آئی پی پی کے 6 اراکین شامل ہیں۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا، اگلے مرحلے میں پنجاب کے وزیراعلی کے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا جائے گا