کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 13 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دیدی ہے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے اعظم خان کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
اعظم خان نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 42 گیندوں پر 8 فلک شگاف چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے بازوں میں آصف علی 42، کولن منرو 38، شاداب خان 12، فہیم اشرف 17 اور رحمن اللہ گرباز 8 رنز بنا سکے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اوڈین سمتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 41 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور محمد حسنین نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ اور ایمل خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور محمد حفیظ، سرفراز احمد اور افتخار احمد کے علاوہ کوئی بلے باز مزاحمت نہ کر سکا اور 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔ محمد حفیظ نے 48، سرفراز احمد نے 41 اور افتخار احمد نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے فضل حق فاروقی اور حسن علی نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ابرار احمد اور کپتان شاداب خان نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔