اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 32 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے تناظر میں انتخابی شیڈول معطل کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب سے جنرل نشستوں پر 27 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا ہے اور پنجاب سے پانچ خواتین ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے 27 حلقوں کے ضمنی انتخابات کا انتخابی شیڈول بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کی عالیہ حمزہ، کنول شوذب، عندلیب عباس، عاصمہ حدید، ملیکہ بخاری، صداقت علی خان، غلام سرور خان، عامر کیانی، فواد چوہدری، سید فیض الحسن، حماد اظہر، شفقت محمود، فخر امام، عامر ڈوگر، شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے تناظر میں انتخابی شیڈول معطل کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے تاہم اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی تین نشستو ںپر انتخابی سرگرمیاں جاری رہیں گی جہاں ضمنی انتخابات 16 مارچ کو ہوں گے کیونکہ اسلام آباد کے مذکورہ حلقہ جات پر لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ لاگو نہیں ہوتا۔