مریم نواز کی سربراہی میں (ن) لیگ ایک بار پھر عدلیہ پر حملہ آور ہے: پرویز الٰہی

07:01 PM, 24 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مریم نواز کی سربراہی میں (ن) لیگ ایک بار پھر عدلیہ پر حملہ آور ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سابق ارکان اسمبلی اور دیگر رہنماﺅں نے پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ (ن) لیگ ہمیشہ اپنی کمزوریوں کو چھپانے کیلئے اداروں کو متنازعہ بناتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت مریم نواز کی سربراہی میں ایک مرتبہ پھر عدلیہ پر حملہ آور ہے، (ن) لیگ عوام پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں، دونوں صوبوں میں الیکشن ہر صورت ہونے ہیں، انتخابات کرائے جائیں، عوام جو فیصلے کرتی ہے وہی درست ہوتے ہیں، گورنر، الیکشن کمیشن دونوں اپنے اختیارات سے بھاگ رہے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے تو پھر بتائیں الیکشن کا اعلان کون کرے گا، وفاقی حکومت کی نااہلی سے ملک اس وقت شدید سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے۔

مزیدخبریں