قاہرہ : مصر کی حکومت نے موٹاپے اور دیگر امراض میں مبتلا افراد کو حج پر جانے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
مصر کی آفیشل نیوز ویب سائٹ احرام آن لائن کے مطابق پابندی میں گردے کے وہ مریض جن کے علاج کے لیے ڈائیلاسز سیشنز کی ضرورت ہوتی ہے ، پھیپھڑوں کے فائبروسس ،امراض قلب کے ایڈوانس کیسز، جگر کی سروسس اور ٹیومر والے افراد بھی رواں سال حج نہیں کرسکیں گے۔
مصری وزارت صحت کے ترجمان حسن عبدالغفار کا کہنا ہے اس کے ساتھ ساتھ پہلے اور آخری مہینوں کی حاملہ خواتین ، ذہنی مریضوں اور الزائمر کے مریضوں کو بھی حج پر جانے سے روک دیا جائے گا۔
مصر میں حج درخواستیں آئندہ 6 مارچ تک جمع کروائی جاسکیں گی ۔حج کے لیے دی جانیوالی درخواست میں ان بیماریوں سے محفوظ ہونا بھی قرار دیا گیا ہے۔
وزارت صحت نے اس سال مناسک حج ادا کرنے کیلئے متعدد گروپوں کے سفر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ایسے افراد میں انفیکشن کے سب سے زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں۔