پشاور : لاہور کے بعد پشاور میں بھی پی ٹی آئی کی پشاور میں جیل بھرو تحریک ناکام ہوگئی ۔کسی کارکن یا رہنما نے گرفتاری نہیں دی۔سابق گورنر شاہ فرمان نے ایس پی سے درخواست کی کہ میری طبیعت خراب ہے گرفتار نہ کرنا۔
اے این پی کی رہنما ثمر ہارون بلور نے ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں سابق گورنر شاہ فرمان ایس پی کو کہہ رہے کہ میری طبیعت ناساز ہے مجھے گرفتار نہ کریں۔اس پر ایس پی عبدالسلام خالد نے کہا کہ سر، ٹھیک ہے لیکن پلیز آپ سائیڈ پر ہوجائیں ۔
"میری طبیعت ناساز ہے مجھے گرفتار نہ کریں"۔ پشاور میں جیل بھرو تحریک کے دوران ایس پی سے شاہ فرمان کا تقاضہ.
— Samar Haroon Bilour (@SamarHBilour) February 23, 2023
"سر، ٹھیک ہے، لیکن پلیز آپ سائیڈ پر ہوجائیں" ایس پی عبدالسلام خالد ک جواب pic.twitter.com/uB9ZgdhHcM
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن صبح تھانہ گلبہار کے سامنے جمع ہوئے ، پرویز خٹک نے کارکنوں کو ہشتنگری میں جمع ہونے کی ہدایت کی اوروہاں سے پرویزخٹک کی صدارت میں ریلی سنٹرل جیل پشاور پہنچ گئی۔
کارکنان سنٹرل جیل کے دروازے پر کھڑے ہوکر دروازہ کھٹکٹاتے رہے کہ دروازہ کھولوں ہم گرفتاری دے رہے ہیں، کچھ دیر بعد جیل وین سنٹر ل جیل کے سامنے پہنچ گئی تو صوبائی رہنمااور کارکن جیل وین میں چڑ ھ گئے لیکن کسی نے وین کی ٹائروں سے ہوا نکال دی۔ رہنما اور کارکن کچھ دیر بعد وین سے واپس اتر گئے۔
رہنماؤں نے کہا کہ بہت ٹائم سے وین میں بیٹھے ہیں مگر جیل نہیں لے جایا جارہاہے اس لئے واپس اتر گئے ،جیل بھر و تحریک سے دن بھر پشاور میں ٹریفک کانظام درہم برہم رہا۔
مغرب کے بعد پرویزخٹک نے تحریک کو عارضی طورپر ختم کرنے کا اعلان کیا اور کارکن منتشر ہوگئے۔ایس پی سٹی کاکہنا تھا پی ٹی آئی نے رضاکارانہ طورپر گرفتاری دینے کا کہا تھا،لیکن دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر صوبائی قائدین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائینگی۔