تحریک عدم اعتماد :پاکستان مسلم لیگ ق نے اپنا فیصلہ سنا دیا 

PMLQ, Ch Pervaiz Elahi, Asif Zardari, Shahbaz sharif

لاہور:پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری مونس الہٰی نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ،وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کا تاثر بالکل غلط ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری مونس الہٰی کی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہو ا ،اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ  وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ملک میں جمہوری اداروں کا استحکام ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے،انہوں نے کہا مسلم لیگ ق نے ہمیشہ رواداری اور ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوے فیصلے کیے ہیں،ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنے کی صرورت ہے۔

 ٹیلی فونک رابطے کے دوران چوہدری مونس الہیٰ نے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں،وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کا غلط تاثر دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا اپوزیشن رہنماؤں سے مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کی ملاقاتیں سیاسی عمل کا حصہ ہیں، چوہدری مونس الہی   کا کہنا تھا کہ معاشی اشاریے مثبت ہیں اور ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام ہے۔وزیر اعطم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔