واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ روس پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات اور شراکت داری ہے اور امید ہے کہ روس سے متعلق پاک، امریکہ مشترکہ مفادات کو مدنظر رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دورے کی ٹائمنگ پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کی ذمہ داری ہے کہ وہ یوکرین پر حملے سے متعلق روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے خیالات کے خلاف آواز بلند کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بتا چکے ہیں کہ یوکرین پر ممکنہ حملے کی صورت میں امریکہ کیا حکمت عملی اختیار کرے گا، امریکہ کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات اور شراکت داری ہے اور امید ہے کہ روس سے متعلق پاک، امریکہ مشترکہ مفادات کو مدنظر رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ روس نے 24 فروری کی صبح یوکرین کے علیحدگی پسند مشرقی علاقوں ڈونیسک اور لوہانسک میں فوجی کارروائی شروع کی جس پر امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے روس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل بدھ 23فروری کو وزیراعظم عمران خان بھی سرکاری دورے پر روس پہنچے ہیں جہاں اقتصادی تعاون سمیت دیگر امور پر بات چیت کیساتھ ساتھ افغانستان کی حالیہ صورتحال اور خطے کی سیکیورٹی سے متعلق بھی گفتگو ہو گی۔