ماسکو :وزیر اعظم عمران خان روس کے دو روزہ دورے پر آج روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے اہم ملاقات کریں گے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات آج شام 6:00 بجے ہو گی۔
اعلامیے کے مطابق صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی آج ہونیوالی ملاقات اس دورے کا اہم ترین جزو ہے، ملاقات میں اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال بھی زیر غور لائی جائے گی۔
وزیراعظم کی روس کےڈپٹی وزیراعظم سے ملاقات بھی شیڈول ہے جس میں انرجی سیکٹر میں تعاون کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔ جبکہ وزیر اعظم روسی ٹی وی کو انٹرویو بھی دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان آج دو روزہ دورہ روس مکمل کرنے بعد وطن واپسی کیلئے روانہ ہونگے۔
واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا اپنے وفد کے ہمراہ روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچنے پرزبردست استقبال کیا گیا ، عمران خان23سال بعد تاریخی دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر اعظم ہیں جن کا ریڈ کارپٹ پر روس میں شاندار استقبال کیا گیا ۔ وزیر اعظم کے استقبال کیلئے ائیرپورٹ پر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔