شرجیل خان کی سنچری رائیگاں، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

09:34 PM, 24 Feb, 2021

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی ہے، افتخار احمد نے ناقابل شکست 49 رنز بنائے جبکہ حسین طلعت 42 اور ایلکس ہیلز 46 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، کراچی کنگز کے شرجیل خان کی سنچری رائیگاں چلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے فل سالٹ اور ایلکس ہیلز نے کراچی کنگز کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو صرف ایک کے مجموعی سکور پر کپتان عماد وسیم نے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی اور فل سالٹ کو صفر کے انفرادی سکور پر ڈینیل کرسچن کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی دوسری وکٹ 13 کے مجموعی سکور پر گری اور کپتان شاداب خان بھی کوئی سکور بنائے بغیر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ 
ایلکس ہیلز نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 21 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر ہدف کے تعاقب میں پیش قدمی جاری رکھی تاہم 75 کے مجموعی سکور پر وہ وقاص محمود کی گیند پر قاسم اکرم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 15 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے مگر 82 کے مجموعی سکور پر وہ بھی ہمت ہار بیٹھے اور ارشاد اقبال کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ 
چار وکٹیں گرنے کے بعد حسین طلعت اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ہدف کے تعاقب میں پیش قدمی جاری رکھی اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 94 رنز جوڑ کر میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا اور اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ حسین طلعت 176 کے مجموعی سکور پر محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، انہوں نے 31 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ 
افتخار احمد نے دوسرے اینڈ سے باؤلرز کی درگت بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور 37 گیندوں پر تین چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا جبکہ آصف علی نے آخری لمحات میں اہم باؤنڈریز لگا کر جیت میں اپنا حصہ ڈالا، جارح مزاج آل راؤنڈر نے 9 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 21 رنز بنائے۔ 
کراچی کنگز کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور عماد وسیم، محمد عامر، وقاص مقصود، ارشاد اقبال اور محمد نبی ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تاہم اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ 
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کراچی کنگز نے شرجیل خان اور بابراعظم کی شاندار بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 176 رنز جوڑتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں سب سے بڑی پارٹنرشپ کا ریکارڈ بنایا۔ 
شرجیل خان آغاز میں خاصے دباؤ میں نظر آئے اور کئی مرتبہ شاٹس مارنے میں ناکام ہوئے جبکہ ایک لمحے کیلئے یوں محسوس ہوا جیسے وہ کچھ ہی دیر میں پویلین لوٹ جائیں گے مگر شائد کسی کو معلوم نہیں تھا کہ ڈرے سہمے نظر آنے والے بلے باز رواں سیزن کی پہلی سنچری بنانے والے ہیں، آغاز میں دباؤ کا شکار رہنے والے اوپننگ بلے باز نے شاداب خان کو ایک ہی اوور میں چار چھکے لگا کر رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا تو حریف ٹیم کا کوئی باؤلر پھر انہیں روک نہ سکا۔ 
کراچی کنگز کے جارح مزاج اوپنر 70 کے انفرادی سکور پر محمد وسیم جونیئر کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں ایلکس ہیلز کے ہاتھوں کیچ بھی ہوئے تاہم اس گیند کو نو بال قرار دیدیا گیا اور یوں انہیں نئی زندگی مل گئی جس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے صرف 55 گیندوں پر سنچری مکمل کر لی اور بالآخر 59 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ 
مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ بھی خاصے خوش قسمت رہے جو حسین طلعت کی مسلسل دو گیندوں پر کیچ دے بیٹھے لیکن دونوں مرتبہ ہی نو بال کی وجہ سے انہیں نئی زندگی مل گئی جبکہ جس گیند پر وہ رن آؤٹ ہوئے اس پر ایلکس ہیلز نے ان کا کیچ چھوڑا، بہرحال بروقت تھرو کے باعث وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے صرف 2 اوورز میں 32 رنز دے ڈالے، ظفر گوہر نے 2 اوورز میں 22 اور محمد وسیم جونیئر نے 3 اوورز میں 24 رنز دئیے تاہم کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے البتہ حسن علی اور حسین طلعت میچ کے آخری لمحات میں ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل تھے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، فل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لوئس گریگوری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر اور محمد وسیم جونیئر شامل تھے۔ 

مزیدخبریں