شرجیل کی شاندار سنچری، بابر کے کلاسک 62 رنز، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 197 رنز کا ہدف

06:42 PM, 24 Feb, 2021

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے شرجیل خان اور بابراعظم کی شاندار بلے بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 197 رنز کا ہدف دیدیا ہے، شرجیل خان نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 105 رنز بنائے جبکہ بابراعظم نے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 176 رنز جوڑتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں سب سے بڑی پارٹنرشپ کا ریکارڈ بنا دیا۔ 
شرجیل خان آغاز میں خاصے دباؤ کا شکار نظر آئے اور کئی مرتبہ شاٹس مارنے میں ناکام ہوئے اور ایک لمحے کیلئے یوں محسوس ہوا جیسے وہ کچھ ہی دیر میں پویلین لوٹ جائیں گے مگر شائد کسی کو معلوم نہیں تھا کہ ڈرے سہمے نظر آنے والے بلے باز رواں سیزن کی پہلی سنچری بنانے والے ہیں، انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو ایک ہی اوور میں چار چھکے لگا کر رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا تو حریف ٹیم کا کوئی باؤلر پھر انہیں روک نہ سکا۔ 
کراچی کنگز کے جارح مزاج اوپنر 70 کے انفرادی سکور پر محمد وسیم جونیئر کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں ایلکس ہیلز کے ہاتھوں کیچ بھی ہوئے تاہم اس گیند کو نو بال قرار دیدیا گیا اور یوں انہیں نئی زندگی مل گئی جس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے صرف 55 گیندوں پر سنچری مکمل کر لی اور بالآخر 59 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ 
مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ بھی خاصے خوش قسمت رہے جو حسین طلعت کی مسلسل دو گیندوں پر کیچ دے بیٹھے لیکن ایک بار نو بال کی وجہ سے بچ گئے تو دوسری مرتبہ باؤنڈری پر ایلکس ہیلز نے ان کا کیچ چھوڑ دیا تاہم بروقت تھرو کے باعث انہیں رن آؤٹ کرنے میں ضرور کامیاب ہوئے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے صرف 2 اوورز میں 32 رنز دے ڈالے، ظفر گوہر نے 2 اوورز میں 22 اور محمد وسیم جونیئر نے 3 اوورز میں 24 رنز دئیے تاہم کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے البتہ حسن علی اور حسین طلعت میچ کے آخری لمحات میں ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل ہیں۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، فل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لوئس گریگوری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔ 

مزیدخبریں