اسلام آباد: حکومت نے عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے گیس مزید مہنگی کرنے کا عندیہ دے دیا۔
صحافی کی طرف سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے سوال پوچھا گیا کہ وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تیاری کر لی ہے تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا گیس مہنگی کرنے کی اوگرا سفارشات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس مہنگی کرنا بھی پڑی تو معمولی اضافہ کریں گے اور ابھی تک گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔
دوسری طرف معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر سے ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ایل پی جی نئی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فائنل ایل پی جی پالیسی کی منظوری سے پہلے متعلقہ انڈسٹری کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ چند دنوں میں ایل پی جی پالیسی کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔