چینی فوجیوں کی تضحیک پر 6 افراد گرفتار

03:47 PM, 24 Feb, 2021

بیجنگ، چین نے بھارت کے ساتھ جھڑپ میں مرنے والے 4 فوجیوں کی تضحیک پر 6 افراد گرفتار ۔

 چینی میڈیا کا کہناہے کہ ان افراد کو ’شہید‘ قرار دیئے جانے والے فوجیوں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے ۔ 

مقامی پولیس کے مطابق ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 6 افراد کو 15 روز تک کے لیے حراست میں لیا گیا ہے جب کہ دیگر ملزمان ملک سے باہر ہیں جنہیں وطن واپسی پر گرفتار کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی حکومت قومی ہیروز کے خلاف آواز اٹھانے اور اس حوالے سے حکومتی بیانیے پر سوال اٹھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کررہی ہے۔

2018 میں چینی حکومت نے ایک قانون پاس کیا تھا جس کے تحت عوام پر قومی ہیروز یا شہیدوں کی تضحیک پر پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ قانون کے تحت کوئی بھی شخص جو قومی ہیرو اور شہید کی تضحیک یا ان کی ساکھ کو متاثر کرے گا اسے تین سال تک جیل بھیجا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ چین نے چند ماہ قبل بھارت کے ساتھ سرحد پر ہونے والی جھڑپ میں اپنے 4 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران چینی حکومت نے فوجیوں کی ہلاکت کو رپورٹ نہیں کیا تھا، چینی اور بھارتی فوج کی اس جھڑپ میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

مزیدخبریں