دبئی کے ہوٹل میں مہنگی ترین بریانی متعارف

دبئی کے ہوٹل میں مہنگی ترین بریانی متعارف
سورس: فائل فوٹو

دبئی کے ایک ہوٹل نے دنیا کی مہنگی ترین بریانی متعارف کرا دی۔

اس مہنگی ترین بریانی کی ایک پلیٹ کی قیمت پاکستانی 43 ہزار روپے سے زائد ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دبئی میں متعارف کرائی گئی مہنگی ترین بریانی کو گولڈ بریانی کا نام دیا گیا ہے۔ جو سونے کی تھال میں پیش کی جاتی ہے یہ تھال  23 قیراط سونے سے تیار کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (ڈی آئی ایف ایس) کی سالانہ تقریب کے موقع پر یہ بریانی مہمانوں کو پیش کی گئی جس کا وزن تین کلو گرام کے قریب تھا۔

اس بریانی میں آلو، ابلے انڈے، بھنا ہوا کاجو، انار دانا، تلی ہوئی پیاز اور پودینہ شامل ہے جبکہ اس میں سفید اور زعفرانی چاول سمیت قیمہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

گولڈ بریانی میں کشمیری سیخ کباب، راجپوت چکن کباب، ملائی کوفتہ، ملائی چکن روسٹ اور دنبے کی چانپیں بھی شامل ہیں جبکہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے گاہکوں کو بریانی کے ساتھ رائتہ، سلاد، نہاری کا سالن، جودھ پورے سالن، بادام سمیت دیگر اقسام کی چٹنیاں اور انار کا رائتہ بھی پیش کیا جائے گا۔