کولمبو،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ ہمارا واحد اختلاف کشمیر پر ہے ۔ کشمیر کا مسئلہ خطے کا سب سے اہم اور سنگین مسئلہ ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کولمبو میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب کا اہتمام سری لنکا کے وزیر کھیل نمل پکسے نے کیا تھا ۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت سے مذاکرات کی کوشش کی ۔مودی کو پیغام دیا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لئے کاروباری تعلقات بہت ضروری ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے خطے کا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے ۔ بھارت کے ساتھ ہمارا واحد اختلاف کشمیر پر ہے اور مسئلہ کشمیر صرف مذاکرات سے حل ہوسکتا ہے جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ برصغیر کے تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ احساس پروان چڑھ رہا ہے کہ تعلقات کی بہتری کے لئے کاروباری تعلقا ت ہونا ضروری ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے منفرد اور پرکشش پہاڑ ہیں پاکستان سیاحت کے حوالےسے بہترین ملک ہے ۔ اس موقع پر عمران خان سری لنکن ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میرے آبائی شہر لاہور میں کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بنا ۔ان کا کہنا تھا کہ کھیل آپ کو زندگی کے اتار چڑھاو کا مقابلہ کرنا سکھاتا ہے کھیل آپ کو جدوجہد کرنا سکھاتا ہے ۔ ہم ہاکی اور سکوائش میں بھی ایکدوسرے کے ساتھ بہتر تعاون کرسکتے ہیں۔ شکست کھانے والا ہی چیمپئن بنتا ہے ہار سے سیکھ کر ہی آگے بڑھا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا دہشتگردی کا شکار رہے ہیں اور اس کی وجہ سے دونوں ملکوں کی سیاحت بری طر ح متاثر ہوئی ۔ دشمنی کی بجائے لوگوں کو قریب لانے کے اقدامات کرنا چاہتے ہیں ۔ سری لنکااو رپاکستان کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کرنا چاہتا ہوں ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین امریکا میں بڑھتی خلیج کو کم کرنے میں معاون کردار اد ا کرسکتے ہیں ۔