وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سری لنکا پہنچنے کے بعد سری لنکن ہم منصب مہنداراجاپکسا سے ملاقات کی، جہاں دونوں وزرائے اعظم کے درمیان باہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم نے گالہ ڈنرکااہتمام کرنےپر سری لنکن ہم منصب مہنداراجاپکساکاخصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ دوبارہ سری لنکا آکر خوشی ہوئی، 1975اور1986 میں کرکٹ دوروں پر سری لنکا آیا تھا ، اس دوران سری لنکن کرکٹ کاارتقائی دوردیکھا۔ تاہم آج سری لنکا کے وزیر اعظم راجاپکسا کے مہمان کے طور پر سری لنکا آیا ہوں۔
وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ سری لنکن صدراورکاروباری برادری سےکل ملاقاتیں کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز دو روزہ دورے پر سری لنکا پہنچے تھے، سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے لنکن ہم منصب مہندا راجا پاکسا سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان اور سری لنکن قیادت کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں صحت، تعلیم، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگرشعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں پاکستان اور سری لنکاکے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔