ممبئی : بھارت کی فلم ایسوسی ایشن فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز نے پاکستانی اداکاروں اور ٹیکنیشنز کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے پاکستان فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فیڈریشن نے یہ فیصلہ ایک اجلاس میں کیا ہے جس کے بعد پورے بھارت میں اس فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز کو آل انڈیا سنیما ایسوسی ایشن کی مرکزی باڈی تصور کیا جاتا ہے جس کے ساتھ پورے بھارت کی فلم اور ٹی وی ایسوسی ایشنز کا الحاق ہے۔
مزید واضح رہے کہ حال ہی میں (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے یونین وزیر بابل سپریو نے پاکستانی اداکاروں، فنکاروں اور ٹیکنیشنز کے بھارت میں پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔
گزشتہ دنوں بھارتی گلوکاروں کی جانب سے سلمان خان اور اجے دیوگن کی فلموں میں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کی آوازیں شامل کرنے پر تنقید کی گئی تھی لیکن اب انتہا پسندوں کے دباؤ میں آکر فلم ایسوسی ایشن نے بھی پابندی لگادی ہے۔