اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے ’پاکستان تحریک انصاف گلالئی‘ کے نام سے اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی ایکسپائری ڈیٹ گزر گئی ہے یہ سیاسی جماعتیں موروثیت، کرپشن اور کاروبار کا روپ دھار چکی ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف ملک کو خانہ جنگی کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔ عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ملک میں صدارتی نظام کی جدوجہد کریگی۔
خیال رہے کہ 16 فروری کو عائشہ گلالئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے انہیں اور ان کے والد کو فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کی شرط پر سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹ دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ اداروں کے خلاف بات کرنا میری نظر میں غداری کے برابر ہے اور نواز شریف عمران خان سے بھی زیادہ خطرناک شخص ہیں۔
یاد رہے کہ یکم اگست 2017 کو عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں