پیپلز پارٹی کو شدید دھچکا، اہم رہنما پی ٹی آئی میں شامل

08:49 PM, 24 Feb, 2017

وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک شمولیتی جلسے میں ٹاؤ ن ون پشاور کے سابقہ ناظم حاجی شوکت علی نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

تقریب میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویزخٹک، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین ، صوبائی وزراء اور ممبران صوبائی اسمبلی نے شرکت کی ۔حاجی شوکت علی نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی ، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حاجی شوکت علی کی معیت میں سینکڑوں افرادکے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا خیر مقدم کیااور اُنہیں مبارکباد دی ۔اسسے قبل وزیراعلیٰ ہائوس پشاورمیں حاجی شوکت علی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی ۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نےکہاکہ نئے پاکستان کیلئے تحریک انصاف کی عملی جدوجہد اور صوبائی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام جو ق درجوق تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ یہ لوگ نئے پاکستان کیلئے تحریک انصاف کے ساتھی بن رہے ہیں۔ تحریک انصاف ایک ایسی سیاسی فورس بن چکی ہے جو پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے ۔ہم نے نئے پاکستان کی مضبوط بنیادیں رکھ دی ہیں۔ اب باشعور عوام کے ساتھ مل کر ان بنیادوں پر ایک مضبوط ، خوشحال اور ترقی یافتہ نئے پاکستان کی عمارت کھڑی کرنی ہے ۔وزیراعلیٰ نے حاجی شوکت علی کو پی ٹی آئی کی ٹوپی پہنائی اور پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جس پر حاجی شوکت علی ہمیشہ ناز کریں گے کیونکہ انہوں نے اس قافلے کا ساتھی بننے کو ترجیح دی جو معاشرتی برائیوں کے خلاف نبردآزما ہے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاکہ پی ٹی آئی کے فولڈ میں آنے والے کارکنوں سے مل کر پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں ۔ اب ملک میں ایسی صورتحال سامنے آرہی ہے کہ تعمیر وترقی کی قوتوں کی ایک علیحدہ فورس ہو گی جو ملک میں برائی کی قوتوں کے خلاف صف آراء ہو گی ۔ہم نے نئے پاکستان کی تعمیر کرنی ہے اور اس میں ہمیں حاجی شوکت علی جیسے نوجوان اور توانائیوں سے بھر پور قائدین کی ہر سطح پر ضرورت ہو گی جنہوں نے پی ٹی آئی کی شفاف حکمرانی کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانا اور لوگوں کی ذہنی تیاری کیلئے کام کرنا ہے۔

اس موقع پر حاجی شوکت علی نے یقین دلایا کہ وہ پی ٹی آئی کی جدوجہد میں صف اول کے دستوں میں کام کرنے کو اپنے لئے عزت اور تکریم کا باعث سمجھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ وہ اپنے ساتھیوں کو نئے پاکستان اور نئے نظام کیلئے نہ صرف تیار کریں گے بلکہ انہیں عملی جدوجہد میں لیڈ بھی کریں گے۔لوگوں کو انصاف اور حق دلانا ان کا مطمع نظر ہو گا اوروہ خصوصاً اپنے حلقے اور عموماً پورے صوبے کے عوام کی امنگوں پر پورا اُترنے کی بھر پور کوشش کریں گے.

مزیدخبریں