سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکھر میں آئی بی اے کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور ڈیجیٹل حقوق پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے 'بابوں' کو انٹرنیٹ کا کچھ بھی علم نہیں ہے، وہ نہ فیس بک استعمال کرتے ہیں، نہ انسٹاگرام اور نہ ہی واٹس ایپ کو سمجھتے ہیں، انہیں یہ نہیں پتا کہ یہ سب کیا ہے۔
بلاول نے کہا کہ تیز رفتار انٹرنیٹ ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس کے حصول کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا ہمیں ڈیجیٹل رائٹس کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے اور میں چاہتا ہوں کہ نوجوان اس مسئلے کے حل کے لیے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت اور اس کے ادارے اس بات کو سمجھیں تو ملک بھر کے نوجوانوں کو عالمی سطح کے انٹرنیٹ کے فوائد مل سکتے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے آئی بی اے سکھر کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہاآئی بی اے دنیا بھر میں ایک ممتاز ادارہ بن چکا ہے، اور ہم اپنی تعلیمی رینکنگ میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔بلاول نے نئے فارغ التحصیل طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم آپ کا طاقتور ہتھیار ہے، جو آپ کو کبھی چھیننے نہیں دیا جائے گا۔ آپ نے اس ہتھیار کو استعمال کرتے ہوئے اپنے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔
بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ سندھ حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں کام کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں پورے پاکستان سے لوگ یہاں علاج کرانے آتے ہیں اور دیگر صوبوں کے علاوہ سری لنکا سے بھی طلباء تعلیم حاصل کرنے آ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے موسمیاتی تبدیلی کو عالمی سطح پر ایک سنگین مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان دنیا کے ان دس ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ "ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے منصوبہ بندی کر کے ہم مستقبل میں بہتر اقدامات کر سکتے ہیں، چاہے وہ سڑکوں کی تعمیر ہو، بجلی کے منصوبے ہوں یا کوئی اور پروجیکٹ۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل رائٹس کے لیے آواز اٹھائیں، اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر نوجوانوں کی محنت اور عزم پر منحصر ہے، اور پیپلز پارٹی اس سفر میں آپ کے ساتھ ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کے لیے سخت محنت کرنی ہے، اور نوجوانوں کو اس عمل کا حصہ بنانا ہوگا۔