کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی جانب قدم بڑھا چکی ہے، اور ہر مسئلے کا حل صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن کے ساتھ مثبت ماحول میں بات چیت ہوئی، جسے سراہا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اس بات پر ایمان رکھتی ہے کہ مسائل کا حل صرف ڈائیلاگ سے ہی نکل سکتا ہے، جبکہ پی ٹی آئی پہلے اس سے انکار کرتی تھی اور دوسروں سے بات کرنے کی بات کرتی تھی۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اب صحیح راستے پر آچکی ہے اور اس کے اس فیصلے کو سراہتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو جوابدہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کسی فرد کی گرفتاری کے بعد پورے ملک میں بدامنی پھیلانا ناقابل قبول ہے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص حساس فوجی تنصیبات جیسے جی ایچ کیو یا کور کمانڈر ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کرے گا تو وہاں کی فورسز اپنا کردار ادا کریں گی، اور ایسے افراد کے کیسز فوجی عدالتوں میں چلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کے کیسز ملٹری کورٹس میں نہیں چلنے چاہئیں، تاہم اگر کسی فرد نے دہشت گردی جیسے سنگین جرم کا ارتکاب کیا تو اس کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلنا ضروری ہے۔