لندن: چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو خصوصی ترجیح دینے پر برطانوی اخبار "ٹیلی گراف" نے آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو فائدہ پہنچانے کے لیے کھیلوں کی سالمیت کو قربان کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق، بھارت کو ہر ایونٹ میں خصوصی فائدہ دیا جاتا ہے، اور چیمپئنز ٹرافی بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کو اس بات کا علم ہوگا کہ وہ ناک آؤٹ مرحلے کا میچ کہاں کھیلے گا، اور فائنل کا مقام بھارت کے ٹورنامنٹ میں پہنچنے پر منحصر ہوگا۔ اگر بھارت فائنل میں پہنچا تو میچ دبئی میں ہوگا، ورنہ لاہور میں۔ بھارت کا پاکستان کو فائنل کھیلنے سے روکنا انتہائی شرمناک ہے۔
ٹیلی گراف کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کہاں ہوگا، اس کا فیصلہ 4 مارچ کے بعد کیا جائے گا۔ بھارت کو دی جانے والی رعایت اس کے ٹرافی جیتنے کے امکانات میں اضافہ کر رہی ہے، اور کرکٹ کے کھیل میں بھارت کی اجارہ داری بڑھ رہی ہے۔