پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافے کے لیے جدید زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل کراچی پہنچ گئی

03:30 PM, 24 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار کو بہتر بنانے کے لیے جدید زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل کراچی پہنچ گئی ہے۔ اس جدید کیبل کی لمبائی 45 ہزار کلومیٹر ہے اور یہ افریقہ سے پاکستان کو 24 ٹیرابائٹس بینڈوڈتھ فراہم کرے گی۔ اس وقت پاکستان کو 7 کیبلز سے 8 ٹیرابائٹس بینڈوڈتھ دستیاب ہے۔

آئی ٹی ماہرین کے مطابق، فرانسیسی کمپنی کی جانب سے ٹرانس ورلڈ کے تحت کیبل کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ اس کیبل کی تنصیب سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر سوشل میڈیا ایپس اور دیگر ڈیٹا سروسز کی کارکردگی بہتر ہو گی۔ کیبل افریقہ 2 کا مقصد دنیا بھر میں انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز کی بڑھتی ہوئی مانگ پوری  کرنا ہے۔

اس منصوبے سے پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کے مواقع بڑھیں گے اور انٹرنیٹ صارفین کو تیز اور مستحکم کنیکٹیویٹی فراہم کی جائے گی۔ پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین سجاد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ نئی کیبلز کے جڑنے سے انٹرنیٹ کے مسائل مستقل طور پر حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ چند ہفتوں میں کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ کے مسائل تھے، جو اب حل ہو چکے ہیں، اور اگلے سال فائیو جی اور مزید بڑی کیبلز کے جڑنے سے انٹرنیٹ کی رفتار میں مزید بہتری آئے گی۔

مزیدخبریں