لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرسمس کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
مریم نواز شریف نے گرجا گھروں میں ہونے والی دعائیہ تقریبات کی سکیورٹی میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کو ان انتظامات کی نگرانی کا حکم دیا۔
انہوں نے لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں گرجا گھروں کے ارد گرد پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی نفری بڑھانے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ، کرسمس تقریبات کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس میثاق سینٹر میں مسیحی برادری کے ساتھ کیک کاٹ کر یکجہتی کا اظہار کرنے کا فیصلہ کیا اور سستے بازاروں میں مسیحی برادری کے لیے خصوصی ڈسکاؤنٹس فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کی سکیورٹی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور گرجا گھروں کے اطراف صفائی کے انتظامات کو بھی بہتر بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایت دے دی گئی ہے۔