لاہور: پنجاب حکومت نے جنوری میں سموگ کی روک تھام کے لیے سکولوں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سکولوں کے کھلنے کے ساتھ ہی سموگ کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی جائے، اور سموگ سے بچاؤ کے لیے سکولوں کے اوقات کار کو ترتیب دیا جائے۔ اس کے علاوہ، چھٹیوں کے دوران سموگ کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے ای لرننگ کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
مراسلے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو روزانہ کی بنیاد پر ان اقدامات کی تصاویر ارسال کی جائیں، اور جو ایجوکیشن اتھارٹیز ان ہدایات پر عمل نہیں کریں گی، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔