ستارے حرکت میں آ گئے ہیں، عمران خان کی رہائی قریب ہے؛عارف علوی 

ستارے حرکت میں آ گئے ہیں، عمران خان کی رہائی قریب ہے؛عارف علوی 

پشاور: ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ تبدیلی کا وقت قریب ہے، عمران خان جلد رہا ہوں گے۔رہنما تحریک انصاف اور سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ "ستارے حرکت میں آ گئے ہیں" اور تبدیلی کا وقت قریب ہے، عمران خان جلد رہا ہوں گے۔ پشاور ہائیکورٹ کے باہر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے حکومتی حلقوں پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ "حکومت میں بیٹھے افراد نے جمہوریت کو تباہ کر دیا اور بانی پی ٹی آئی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے سازشیں کیں"۔

عارف علوی نے مزید کہا کہ "بانی پی ٹی آئی عوام کا 90 فیصد نمائندہ ہیں اور عوام کی دھڑکنیں عمران خان کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں"۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ "کیا بانی پی ٹی آئی کا نام نہیں لے سکتے؟ کرکٹ میچوں میں بھی عمران خان کا نام لینے پر رائٹس کا خطرہ ہوتا ہے"۔

سابق صدر مملکت نے حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل دنیا میں مذمت کا باعث بنیں گے، لیکن حکومتی حلقوں کو اس کی کوئی پروا نہیں"۔ عارف علوی نے کہا کہ "مافیا خوشحال ہے جبکہ غریبوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں"۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ "70 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے جھوٹے ثابت ہوئے، ایک پیسہ بھی نہیں آیا"۔

عارف علوی نے کہا کہ "حکمرانوں نے عدلیہ اور آئین کو تباہ کر دیا ہے، اور 26 ویں آئینی ترمیم نے صرف وقت ضائع کیا"۔ انہوں نے بلوچستان میں جاری سمگلنگ کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ "کیا بلوچستان میں سمگلنگ رک گئی ہے؟"

سابق صدر مملکت نے کہا کہ "غاصبوں کے دن گنے جا چکے ہیں، ستارے حرکت میں آ گئے ہیں اور تبدیلی کا وقت قریب ہے"۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ "اب بھی وقت ہے، پچھلے قدموں پر آ کر عمران خان کو راضی کریں"۔

آخر میں، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ "تمام مسنگ پرسنز کی تحقیقات حکومت کا کام ہے اور انصاف کا تقاضا ہے کہ اگر کسی کا ملٹری ٹرائل ہو تو سب کا ہونا چاہیے"۔

مصنف کے بارے میں