غزہ : غزہ میں اسرائیل کے غاصبانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں تازہ حملوں میں سات فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کمال عدوان ہسپتال اور المواسی کیمپ پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کے خیموں کو آگ لگ گئی اور بے گھر افراد مزید پریشانی کا شکار ہوئے۔ خان یونس میں اسرائیلی فضائیہ نے ایک گھر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 افراد شہید ہو گئے۔
اسرائیلی بمباری کا شکار ایک 3 سالہ بچی بھی بنی، جو پولیو کے قطرے پینے گئی تھی۔ تازہ ترین حملوں کے بعد فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد 45,317 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 107,713 ہو چکی ہے۔ اس دوران حماس نے غزہ اور مغربی کنارے میں جوابی کارروائیاں کیں، جن میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔