پاکستان میں انٹرنیٹ سپیڈ بڑھانے کے لیے جدید کیبل افریقہ سے آج منسلک ہوگی

10:40 AM, 24 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان میں انٹرنیٹ اسپیڈ کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا قدم اٹھایا جا رہا ہے، جس کے تحت آج 45 ہزار کلومیٹر طویل جدید انٹرنیٹ کیبل افریقہ سے پاکستان سے منسلک ہو گی۔ آئی ٹی ماہرین کے مطابق، اس کیبل کی گنجائش 180 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ ہے، جس سے سوشل میڈیا ایپس سمیت انٹرنیٹ کی مجموعی اسپیڈ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ دنوں میں حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ پر پابندیوں اور سست رفتار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام کو "کنٹرول اور سینسر کرنے کی کوشش" قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات عوام کی آزادی کو محدود کرنے کی کوشش ہیں۔

گزشتہ دنوں گورنر پنجاب سلیم حیدر نے بھی انٹرنیٹ کی سست رفتار پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ انٹرنیٹ کی رفتار کو تیز کیا جائے کیونکہ ایک عرصے سے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی آئی ہے۔ اس جدید کیبل کی تنصیب سے نہ صرف انٹرنیٹ کی سپیڈ میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

مزیدخبریں