اوکالا: امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اوکالا میں کرسمس سے دو دن قبل وسطی فلوریڈا کے ایک شاپنگ مال میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جس میں متاثرہ شخص کو بظاہر حملے کا "ہدف" بنایا گیا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق اوکالا کے پولیس چیف مائیک بالکن نے بتایا کہ ایک خاتون کی ٹانگ میں گولی لگی۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران کئی افراد کو بھی چوٹیں آئیں، جن میں سے ایک شخص کے سینے میں درد اور دوسرے کے بازو ٹوٹنے کی اطلاع ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے بعد شاپنگ مال میں بھگدڑ سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹڈ تھا، حملہ آور نے سیاہ رنگ کا لباس اور ماسک پہنا ہوا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ مال میں فائرنگ کرنے والا شخص فرار ہو گیا ہے جبکہ مال کو خالی کرایا جا رہا ہے۔