اسلام آباد: 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری روز ہے۔
الیکشن کمیشن کے نظر ثانی شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار 24 دسمبر (آج) تک کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کراسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ نظر ثانی شیڈول کے مطابق پیر (25 دسمبر ) سے شروع ہونے والے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال رواں ماہ کی 30 تاریخ تک جاری رہے گی۔
کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جا سکتی ہیں جن کا فیصلہ 10 جنوری تک کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری کرے گا، امیدوار 12 جنوری تک کاغذات واپس لے سکتے ہیں۔
انتخابی نشانات 13 جنوری کو الاٹ کیے جائیں گے اور عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس اسلام آباد میں چوتھے روز کے اختتام تک اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والوں کی مجموعی تعداد121ہوگئی۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے قومی اسمبلی کی دو اور پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف این اے 132 قصور جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو این اے 128 لاہور سے الیکشن لڑنے کے لیے میدان میں اتریں گے، مجموعی طور پر 562 امیدواروں نے مخصوص نشتوں کیلئے کاغذات جمع کروائے۔
ملتان میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے مخدوم جاوید ہاشمی اور شاہ محمود قریشی نے این اے 150 سے جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے این اے 148 سے کاغذات جمع کروا دیے ہیں۔
کراچی میں عام انتخابات 2024 میں کاغذات نامزدگی جمع و وصول کروانے کا سلسلہ آج چوتھے روز بھی جاری رہا، اب تک کراچی ڈویژن میں مجموعی طور پر 1405 فارم جمع ہو چکے ہیں جس میں قومی اسمبلی کی 22 نشستوں کیلئے 333 اور صوبائی اسمبلی کی 47 نشستوں کیلئے 1072 فارم جمع کروائے گئے ہیں۔
بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 نشستوں کیلئے تین روز میں مجموعی طور پر 332، جبکہ بلوچستان اسمبلی کی 51 نشستوں کیلئے 886 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں ،قومی اور صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر اب تک مجموعی طور پر 52 کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں۔